قربانی کے جانوروں کی آمد،مویشی منڈیوں کی رونقیں دوبالا ہوگئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عید قربان کی آمد کے موقع پر نیاموآنہ مویشی منڈی سمیت دیگر سیل پوائنٹ پر جانوروں کی آمد سے رونقیں دوبالا ہو گئیں، مہنگے جانوروں کی وجہ سے خریداری کم جبکہ قربانی کے جانوروں کو دیکھنے والوں کا رش لگ گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی ودیگر انتظامات مکمل نہ ہو سکے۔ تفصیل کے مطابق عید قربان کی آمد کے موقع پر شہر کی نیاموآنہ مویشی منڈی اور اس کے باہر سمیت شہر کے دیگر مقامات پر عارضی مویشی منڈیاں جھنگ روڈ’ ستیانہ روڈ پر خانوآنہ کے قریب قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ قربانی کے جانوروں کی آمد کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں کی رونقیں دوبالا ہو گئیں’ تاہم مہنگائی کے دور میں بیوپاری قربانی کے جانوروں کے منہ مانگے دام مانگنے لگے۔ جسکی وجہ سے خریداری بہت کم جبکہ قربانی کے جانور دیکھنے والوں کا رش بڑھ گیا، لوگوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانور دیکھنے کیلئے مویشی منڈیوں کا رُخ کرنے لگی۔ والدین اپنے بچوں کے ہمراہ قربانی کے جانور دیکھنے کیلئے مویشی منڈی پہنچ گئے۔ وزنی اور خوبصورت جانوروں کی آمد سے مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہونے لگی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈی کے باہر اور سیل پوائنٹ پر قربانی جانوروں کے لیے سایہ’ ٹینٹ اور پانی کا بندوبست نہ کیا جا سکا۔ بیوپاری اپنی مدد آپ کے تحت درختوں کے سائے اور دیگر مقامات پر جانوروں کو باندھ رکھا ہے اور ضلعی پولیس کی طرف سے مویشی منڈی کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرنے میں بھی ناکام نظر آ رہی ہے۔ پولیس کی نفری کی ڈیوٹیاں بھی نہ لگ سکیں اور قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے آنیوالے شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر بھر کے اکثر علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کی لیکن شہر بھر میں اہم چوراہوں’ شاہراہوں پر بیوپاریوں کی بڑی تعداد’ بکرے’ چھترے کے ساتھ ساتھ بڑے جانوروں کی خریداری کیلئے پہنچ گئے جسکی وجہ سے سڑکوں کا بلاک رہنا معمول بن گیا جبکہ میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں نے شاہراہوں اور چوراہوں پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ مویشی منڈیوں اور قربانی جانوروں کے سیل پوائنٹ پر سکیورٹی کے انتظامات مکمل نہ ہو سکے۔ شہری حلقوں کی طرف سے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کے افسران وارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ عید قربان کی آمد کے موقع پر مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹ پر قربانی کے جانوروں کی سہولت کیلئے مؤثر اقدامات اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں