فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف نے کہا ہے کہ دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھ بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے ”بیوٹیفکیشن پراجیکٹ”’ کیلئے11ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔ کمشنر فیصل آباد مریم خان، ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے خصوصی میٹنگ کے دوران ان کو فیصل آباد کے8بازاروں کو وہیکل فری بنانے اور تجاوزات کو ختم کر کے8بازاروں کی تجاوزات اور اس کے بعد کی تصاویر ، ویڈیوز دکھائیں تو وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کو اقدامات کو سراہا۔ فیصل آباد کی خوبصورتی اور حسن کو دوبالا کرنے کیلئے 8بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے منصوبے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 8بازاروں میں بجلی انڈر گرائونڈ کی جائے گی اور8بازاروں میں داخلہ اورباہر نکلنے کیلئے جدید اور خوبصورت گیٹ لگائے جائیں گے۔ بڑے بازاروں کچہری بازار، امین پور بازار، جھنگ بازار اور کارخانہ بازار میں آنے والے شہریوں کے لئے بیٹھنے کیلئے خوبصورت بنچ اور خوشگوار ماحول کرنے کیلئے پودے اور درخت بھی لگائے جائیں گے اور مذکورہ بازاروں میں شہریوں کے کھانے پینے کیلئے فوڈ سٹریٹ ٹائپ کی شاپس بھی منصوبے کا حصہ ہیں اور ہر بازار میں خریداری کیلئے آنیوالوں کی سہولت کیلئے الیکٹرک کاریں چلیں گی اور8بازاروں کی خوبصورتی کیلئے دکانوں کو ایک ہی طرز کی عمارتیں، دکانوں سے باہر فٹ پاتھ اور سیڑھیوں وغیرہ کو یکساں رکھا جائے گا تاکہ بازاروں میں ایک ہی ” لک” نظر آئے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فیصل آباد بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر مبنی ایک3D ماڈل بھی دکھایا گیا۔ تاہم وہ لیک ہونے کی وجہ سے کینسل کر کے دوبارہ نیا ماڈل جس میں بعض اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوایا گیا ہے۔ اس کی منظوری کے بعد فیصل آباد بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر عمل کا آغاز کر دیا جائے گا، فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر کے حسن کو نکھارنے اور آٹھ بازاروں میں فری وہیکل بناتے ہوئے موٹر سائیکلوں سمیت ہر قسم کی ٹریفک کا خاتمہ کیا جائے گا۔




