ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ،معیار اور بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے

سرگودہا (بیوروچیف) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت اور ہائی ویز کی چار ترقیاتی اسکیموں کے تخمینوں میں رد و بدل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ضلع بھکر کی صحت کی تین اسکیموں میں بی ایچ یو شہانی اور بی ایچ یو سرائے مہاجر کی بطور رورل ہیلتھ سینٹر اپ گریڈیشن اور ٹی ایچ کیو منکیرہ میں ٹراما سینٹر، میڈیسن اسٹور اور رہائشی بلاک کی تعمیر شامل تھی۔اسی طرح ضلع خوشاب میں محکمہ ہائی ویز کی اسکیم کے تحت بندیال سے میرو تک پانچ کلومیٹر سڑک کی تعمیر و مرمت کے تخمینے میں تبدیلی کی سفارش بھی منظور کی گئی۔ اجلاس کے دوران کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوام کے وسائل سے مکمل ہونے والے ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری، دیانت اور پیشہ ورانہ مہارت سے ادا کریں تاکہ ان اسکیموں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں کمشنر کو محکمہ سوشل ویلفیئر کے جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں ڈویڑن کے چاروں اضلاع میں ٹائلٹ بلاکس اور ضلع بھکر میں رہائشی بلاک کی تعمیر شامل ہے۔ کمشنر نے ٹائلٹ بلاک میں بعض سقم کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ تین روز کے اندر انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔ بتایا گیا کہ بھکر کا رہائشی بلاک جون میں مکمل کر کے محکمہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، سپرنٹینڈنٹ انجینئرز ہائی ویز، بلڈنگز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں