گولڈ میڈل جیت کر ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے

لاہور (سپورٹس نیوز) ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔اسٹار جیولین تھروور ارشد ندیم نے وطن واپس پہنچنے پر لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، قوم کی دعائوں سے کامیابی ملی۔ارشد ندیم نے کہا کہ میرا اگلا ہدف ورلڈ ایتھلیٹک چیمپیئن شپ ہے اس کے لیے بھرپور تیاری کروں گا، میری کوشش ہوگی کہ ٹریننگ کے لیے عید کے بعد برطانیہ جاں، ورلڈ ایتھلیٹک چیمپیئن شپ میرا سب سے بڑا ہدف ہے، قوم کامیابی کے لیے دعا کرے۔انہوں نے کہا کہ جیولین تھرو کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ہم ضرور منصوبہ بندی کریں گے جس کے بعد امید ہے کہ مزید نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ ہونی چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان اس میں بھرپور طریقے سے حصہ لے سکیں اور آگے بڑھ سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے، ہم سب اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔قبل ازیں لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب خضر افضال نے ارشد ندیم کا استقبال کیا اور انہیں اور ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو گلدستہ پیش کیا۔لاہور ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے خاندان کے افراد سمیت لیسکو اور واپڈا کے افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔خیال رہے کہ اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مینز جیولن فائنل میں شاندار 86.40میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے 50سالوں میں یہ پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولین تھرو فائنل میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم نے یہ فتح پاکستان کے نام کی تھی۔انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ یہ آپ سب کی دعاں کی وجہ سے ہے کہ اللہ نے مجھے فائنل میں کامیاب کیا، اور پاکستان کو عزت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں