5روز گزر گئے،صدر پریس کلب شاہد علی پر قاتلانہ حملہ کے ملزمان پکڑے نہ جاسکے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) 5روز گزرنے کے باوجود ضلعی پولیس فیصل آباد پریس کلب کے صدر شاہد علی پر قاتلانہ حملے کے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، جس پر صحافی برادری میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد پریس کلب کے صدر’ معروف صحافی شاہد علی 6جون 2025ء کو تقریباً ساڑھے چار بجے کے قریب اپنے گھر واقع نور پور اعظم بلاک گلی نمبر2 کے سامنے پہنچے تو موٹرسائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے شاہد علی پر فائرنگ کر دی، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، گولیاں ان کے گھر کے گیٹ میں لگیں تاہم تھانہ سرگودھا روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، 5روز گزرنے کے باوجود فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی ہے۔ صحافی برادری صدر پریس کلب پر فائرنگ کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ پولیس کی طرف سے ملزمان کا سراغ نہ لگانے پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ صحافتی تنظیموں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شاہد علی نہ صرف فیصل آباد کی صحافی برادری کی موثر آواز ہیں بلکہ ملک بھر میں ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کیلئے سرگرم بھی ہیں۔ شہری حلقوں نے آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں