جڑانوالہ کے مخصوص بازاروں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن سے درجنوں خاندان بیروزگار

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ تجاوزات آپریشن میں مخصوص بازاروں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے درجنوں خاندانوں کو بے روزگار کرنیوالی میونسپل کمیٹی انتظامیہ نے آپریشن ادھورا چھوڑ دیا، ریڑھی و چھابڑی بانوں نے سرکاری فٹ پاتھوں پر قبضہ جما کر راہگیروں کا گزرنا محال کر دیا انکرو چمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی چھتری تلے تجاوزات مافیا نے قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں،عوامی سماجی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق 3 ماہ قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جڑانوالہ میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن شروع کیا گیا جس پر جڑانوالہ کی تاجر برادری نے آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی مدد اپ کے تحت دکانوں کے باہر قائم 6سے 7فٹ تک اربوں روپے مالیت کی پختہ بلڈنگ گرا دی تھی مگر مخصوص بازاروں میں توڑ پھوڑ کے دوران درجنوں گھرانوں کو بے روزگار ہو چکے ہیں لیکن اسکے برعکس تحصیل انتظامیہ کی جانب سے مین مسجد بازار،لنڈا بازار،جامع مسجد سے ملحقہ گلیوں بازاروں،ریل بازار میں قائم تجاوزات کے خاتمہ کیخلاف آپریشن ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے مذکورہ بازاروں میں قائم تجاوزات کے باعث شاپنگ کیلئے آنیوالے شہریوں خواتین کو پیدل گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تجاوزات کی بھرمار کے باعث جڑانوالہ کے بازاروں میں جیب تراشی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بازاروں کے داخلی راستوں پر لاکھوں روپے مالیت کی لاگت سے گیٹ و لوہے کے لگائے گئے سنگل کا منصوبہ بھی بے سود ہو چکا ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات قائم کرنیوالوں کو مبینہ طور پر میونسپل کمیٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی مکمل آشیر باد حاصل ہے تحصیل انتظامیہ کی ملی بھگت کے بغیر تجاوزات قائم نہیں ہو سکتی ہے جبکہ افسران کے وزٹ سے قبل ہی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا عملہ تجاوزات مافیا کو مبینہ طور پر پہلے ہی آگاہ کر دیا جاتا ہے افسران کے وزٹ کے بعد مذکورہ بازاروں میں دوبارہ تجاوزات قائم کر لی جاتی ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر تجاوزات مافیا کو انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ طور پر آشیر باد حاصل نہ ہو تو کسی صورت آپریشن ناکام نہیں ہو سکتا ہے،عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کے بازاروں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے بلکہ مبینہ طور پر انکی پشت پناہی کرنیوالے انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو فی الفور تبدیل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں