پیدائش و اموات کا اندراج ،رشوت کا خاتمہ یقینی بنایا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں سیکرٹریز یونین کونسلز کی جانب سے پیدائش واموات کے اندراج کے دوران مبینہ رشوت کی شکایات کے ازالہ کیلئے پیدائش واموات کے رجسٹرڈ پر سائلین کے موبائل فون نمبرز درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تاکہ سائلین سے فیڈبیک لیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو کہا گیا ہے کہ وہ سیکرٹریز یونین کونسلز کو اس بات کا پابند بنائیں کہ پیدائش واموات کے سرٹیفکیٹس جاری کرتے ہوئے رجسٹرڈ پر سائلین کے نام’ مکمل ایڈریس کے ساتھ ساتھ ان کے موبائل نمبرز لازمی درج کریں تاکہ بہتر سروسز کی ڈلیوری کی جانچ پڑتال میں آسانی ہو اور سائلین تاریخ پیدائش واموات کے اندراج کے وقت مشکلات ہوں تو ان کا ازالہ کیا جا سکے اور سائلین سے فیڈبیک لیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹریز یونین کونسلز کی طرف سے پیدائش واموات کی رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہوئے مبینہ طور پر رشوت ونذرانے لینے کی شکایات پر اقدام اٹھایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں