انجمن پٹواریاں جڑانوالہ کے سالانہ انتخابات مکمل ہو گئے

جڑانوالہ(نامہ نگار) انجمن پٹواریاں جڑانو ا لہ کے سالانہ انتخابات مکمل ہو گئے،جن میں شیر افضل پٹواری صدر اور علی اصغر پٹواری جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔اس موقع پر پٹوار برادری کی جانب سے دونوں رہنماں کو مبارکباد دی گئی اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری مقامی ہال میں منعقد ہوئی جس میں پٹوار یونین کے اراکین،بزرگ پٹواری حضرات،مختلف یونینز کے نمائندگان اور معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اتحاد و یکجہتی کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ، یونین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے نئی قیادت کی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر نو منتخب صدر شیر افضل پٹواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پٹوار برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور تمام اراکین کو ساتھ لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ مسائل، سروس سٹرکچر، سہولیات اور عزتِ نفس کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہو گی۔جنرل سیکرٹری علی اصغر پٹواری نے بھی اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونین کے مسائل کے حل کے لیے تمام فورمز پر آواز بلند کریں گے اور کسی بھی ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلامقابلہ منتخب ہونا ان پر ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے وہ ایمانداری اور لگن سے نبھائیں گے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت پٹوار برادری کے دیرینہ مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں