جلدی کینسر کی شناخت مزید آسان

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک تجرباتی ٹول پین ڈرم جلدی بیماریوں، خصوصاً میلانوما (جلدی کینسر) کی فوری اور درست تشخیص میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہوئی، پین ڈرم نے جلدی کینسر کی تشخیص کی درستی میں 11 فیصد اضافہ کیا جب ماہرینِ صحت نے اس کا استعمال کیا۔جلد کی دیگر بیماریوں کی تشخیص میں 17 فیصد تک درستگی میں بہتری دیکھی گئی، یہ ٹول صرف 5سے 10فیصد ڈیٹا استعمال کر کے بھی عام تشخیص کے مقابلے میں زیادہ مثر نتائج دیتا ہے۔پین ڈرم ایک جدید AI سسٹم ہے جو بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے تیار کیا ہے، اسے 20 لاکھ سے زائد جلدی بیماریوں کی تصاویر پر تربیت دی گئی ہے۔ اس کا مقصد ماہرینِ امراضِ جلد (Dermatologists) کی معاونت کرنا ہے تاکہ وہ پیچیدہ امیجنگ ڈیٹا کو بہتر انداز میں سمجھ کر درست فیصلے لے سکیں۔ آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی میں ڈیٹا سائنس اور اے آئی کے ماہر ڈاکٹر زونگیوآن لیو کہتے ہیں کہ پین ڈرم کلینکس کے ساتھ مل کر کام کرنے والا ایک آلہ ہے جو انہیں اعتماد کے ساتھ بہتر فیصلے لینے میں مدد دیتا ہے۔یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ کے ڈرماٹولوجی ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر پیٹر سوئیر کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی ٹیکنالوجی خاص طور پر ان علاقوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جہاں ماہر جلدی ڈاکٹر موجود نہیں ہوتے۔ابھی پین ڈرم کو مکمل منظوری نہیں ملی اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پر مزید تحقیق اور جانچ درکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں