ڈویژنل پبلک سکول وکالج کو مزید بہتر بنایا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت کمشنر مریم خان ڈویژنل پبلک سکول اور ڈویژنل ماڈل کالج کو بہترین تعلیمی درسگاہیں بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اس ضمن میں ڈویژنل پبلک سکول و ڈویژنل ماڈل کالج میں کلاس رومز کے ماحول کو ایکٹیویٹی اور پیڈیاگوجی بیسڈ کیا جائے گا اس مقصد کیلئے آغا خان تعلیمی بورڈ کے ماہرین سے استفادہ حاصل کرنے اور ان کے پراجیکٹ بیسڈ لرننگ پروگرام کو ڈویژنل تعلیمی اداروں میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل انتظامیہ کی زیرسرپرستی میں چلنے والے تعلیمی اداروں بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ تعلیمی پروگرام شروع کرنے پر مشاورت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر ،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا، آغاخان تعلیمی بورڈ سے آسیہ خرم آغا ایڈوائزر پنجاب بھی اجلاس میں شریک تھے-جبکہ پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج پروفیسر محمد یسین مرزا اور پرنسپل ڈی پی ایس، مسز عالیہ ایوب چٹھہ نے کمشنر کو اپنے اپنے اداروں کی تعلیمی کارکردگی کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ طلبہ وطالبات کو معیاری تعلیم اور بہترین ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے-آغا خان تعلیمی بورڈ کے موجودہ قومی نصاب سے ہم آہنگ تعلیمی پروگرام سے ہمارے ان تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیتوں میں زبردست اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں