اشیائے خوردونوش کی مصنوعی قلت،گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں،ڈی سی ٹوبہ محمد نعیم سندھو

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح اور اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال سمیت تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رواں ماہ جون کے دوران 1 لاکھ 50 ہزار 234 انسپیکشن کیے، جن میں خلاف ورزیوں پر 7 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور محنت سے سرانجام دیں، مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے کریں اور اشیاء کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مجسٹریٹس اپنی کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائیں تاکہ ضلعی سطح پر جائزہ لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں