MCFکا گرینڈ آپریشن،دوبارہ تجاوزات پر سامان ضبط،درجنوں دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ آٹھ بازاروں’ ملحقہ مارکیٹوں’ طارق آباد’ محمدی چوک’ پیپلزکالونی نمبر2′ بابر چوک’ فوارہ چوک’ پہاڑی گرائونڈ’ ایم سی ہائیر سکینڈری سکولز بوائز اینڈ گرلز روڈ’ ستیانہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر رکھا جانے والا سامان اٹھا کر درجنوں دکانوں کو سیل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے انسداد تجاوزات عملہ کے ہمراہ شہر کے آٹھ بازاروں اور ملحقہ مارکیٹوں کا وزٹ کرتے ہوئے وارننگ کے باوجود دکانوں کے باہر فٹ پاتھ پر سامان رکھنے والے تاجروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے سامان ضبط کر کے دکانوں کو سیل کر دیا، جس میں عبدالرحیم گارمنٹس’ رانا گارمنٹس’ حافظ برتن اور کراکری سٹور’ خان بیگ ہائوس’ اقراء بیگ اینڈ جیکٹس ہائوس’ چوہدری سائیکل سٹور’ مرحبا سٹیل برتن سٹور’ عابد سائیکل سٹور’ اے ڈبلیو کولیکشن اور دیگر دکانوں کے باہر رکھا جانے والا سامان ضبط کر کے دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ طارق آباد روڈ پر عرصہ دراز سے قبضہ کرنے والے ہاشم حلیم والے کی کرسیاں’ میز اٹھوا کر روڈ کو چلنے والوں کیلئے کلیئر کروا دیا۔ علاوہ ازیں ستیانہ روڈ’ پیپلزکالونی نمبر 2′ گیٹ چوک تا پہاڑی گرائونڈ’ محمدی چوک’ فوارہ چوک اور ملحقہ سڑکوں پر آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر رکھا جانے والا سامان اٹھوا دیا اور دکانداروں کو وارننگ دی کہ قبل ازیں بھی ان کو تنبیہہ کی گئی تھی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں، فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کے لیے خالی رکھیں۔ تاکہ سڑک کنارے چلنے والوں کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کے باہر دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور شہر بھر میں بلاامتیاز تجاوزات کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا اور روڈ پر کھڑی ریڑھی’ چھابڑی والوں کے خلاف بھی ایکشن لیتے ہوئے ان کو سڑکوں کے کنارے کھڑے ہونے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے روڈ بلاک کی تو ان کا سامان بھی ضبط کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں