کمالیہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بندش سے شہریوں میں پریشانی کی لہر

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بندش شہریوں کے لیے مسلسل پریشانی کا سبب بن رہی ہے ۔ تفصیل کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں مغرب کے بعد گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے ، جس سے نہ صرف ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر بھی متحرک ہو گئے ہیں۔شہر کے مرکزی علاقے بشمول اقبال بازار، صدر بازار، ریلوے روڈ، عید گاہ روڈاور دیگر گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹس کئی دنوں سے بند پڑی ہیں۔ شام ہوتے ہی ان علاقوں میں مکمل تاریکی چھا جاتی ہے جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کی وجہ سے چھینا جھپٹی، موٹر سائیکل چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں واضح اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں نے متعدد بار متعلقہ میونسپل حکام سے شکایات درج کروائیں، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، خریدار مغرب کے بعد بازار کا رخ کرنے سے گریز کرنے لگے ہیں۔ خواتین، طلبا اور بزرگ شہری بھی اس صورتحال سے سخت پریشان دکھائی دیتے ہیں۔شہری حلقوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور معمولات زندگی بحال ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں