مبینہ پولیس مقابلہ’ دو زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ 243 رب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریاست علیASIمعہ ہمراہی ملازمان زیرحراست ملزمان وسیم اور شہزادکو مقدمہ نمبر 1420/24بجرم 392ت پ میں برآمدگی کر کے واپس آ رہے تھے۔ چک نمبر 243ر ب جوک کھرل کے قریب پہنچے تو 04کس نامعلوم 02موٹر سائیکل پر آئے اور پولیس پارٹی پر جان لیوا فائرنگ کرتے ہوئے زیر حراست ملزمان کو چھڑوا کر خانوآنہ بائی پاس کی طرف فرار ہوگئے۔ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ روشن والا ،ایلیٹ ٹیم وپولیس کی بھاری نفری فوری موقع کے لیے روانہ ہوئی پولیس ٹیم بسلسلہ تلاش ملزمان ناکہ بندی پرموجود تھے کہ 02موٹر سائیکل پر سوار 06افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی اورسیم 236ر ب کجلے کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر محتاط انداز میں دیکھا تو ملزمان وسیم اور شہزاد مضروبی حالت میں پڑے تھے جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوگئے ۔جبکہ ساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مضروب ملزمان کو فوری برائے علاج معالجہ بسواری سرکاری گاڑی ہسپتال بھجوا دیا ہے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے جن کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں