بزنس کمیونٹی کے مسائل FCCIممبران کے تعاون سے حل کرینگے،ڈائریکٹر FIAملک سکندر حیات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بزنس کمیونٹی سے متعلقہ مسائل کو ایف آئی اے اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے باہمی تعاون سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ملک سکندر حیات نے فیصل آباد چیمبر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ FATF کی گائیڈ لائن کے حوالے سے سمگلنگ سمیت دیگر بہت سے متعلقہ قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ حال میں ہی اس کے دائرہ کار میں Beggary کوبھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن کے نظام میں بہتری کیلئے بہت سے معاملات کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ سٹاف کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر امیگریشن کے کائونٹر پر کیمرے لگوائے گئے ہیںتاکہ مسافروںکوزیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جا سکیں۔ اینٹی منی لانڈرنگ کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ ایف آئی اے کے سٹاف کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ انکوائری کے دوران صرف اصل ملزم کا اکائونٹ منجمد کیا جائے تاہم واضح شہادت کے بغیر دیگر متعلقہ پارٹیوں کے اکائونٹ منجمدکرنے سے گریز کیا جائے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ملک سکندر حیات کا خیر مقدم کیا اور ایف آئی اے سے متعلقہ بعض مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوںنے کہا کہ سائبر کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ایف آئی اے کو بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے سیمینارمنعقد کرنی چاہئیں جبکہ فیصل آباد چیمبر بھی اس سلسلہ میںتعاون کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے چیمبر کے ممبران کی سہولت کیلئے ائیر پورٹ پر خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ، مزمل سلطان، عمر فاروق کاہلوں،، محمد علی ، حاجی محمد عطاء اللہ ، ثناء اللہ خان نیازی، سہیل بٹ، محمد مصطفی ، اکبر ملک اور حبیب اللہ نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو چیمبر کی شیلڈ پیش کرنے کے علاوہ چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی پن بھی لگائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں