محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل کرایا جائیگا،ڈی سی سرگودھا محمد وسیم

سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت تحصیل امن کمیٹیو ں بھلوال اور بھیرہ کا مشترکہ اجلاس بھلوال کے مقامی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران، تحصیل سطح پر موجود علما کرام، تاجر تنظیموں، بلدیاتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام مکاتب فکر کے درمیان باہمی مشاورت اور تعاون سے ہی ہم پرامن فضا قائم رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا۔ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی، وال چاکنگ، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی اشاعت، لائوڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور وقت کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے علما کرام، بانیان مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس محرم الحرام کے دوران مکمل الرٹ رہے گی اور ہر جلوس و مجلس کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، لیڈی پولیس اور رضا کارانہ فورسز بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ ہوں گی۔ اجلاس کے اختتام پر علمائے کرام، مشائخ اور کمیونٹی لیڈرز نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور امن و امان کے قیام میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں