ترقیاتی کاموں کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچائے جائیں،کمشنر سرگودھاجہانزیب اعوان

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے بدھ کے روز سرگودہا شہر میں مختلف محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبوں پر پیش رفت کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک جلد از جلد پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔ کمشنر نے دورے کا آغاز ماڈل ایگری مال کے معائنے سے کیا گیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔ بلڈنگ کی بنیادی تعمیر 30 جون تک مکمل کر لی جائے گی جبکہ روڈ، گرل ، لینڈ اسکیپنگ اور دیگر ایکسٹرنل کام جولائی کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ کمشنر نے اس اہم زرعی منصوبے کو جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت کو محکمانہ منظوری کے بعد ضروری عملی اقدامات کی تاکید کی۔کمشنر نے ایس ای بلڈنگ کی جانب سے سرگودہا تعلیمی بورڈ کی نئی عمارت، سیف سٹی پراجیکٹ، مولا بخش ہسپتال کے نئے بلاک اور شہر کے مختلف طبی مراکز کی ری ویمپنگ سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ فیز ون کے تحت 45 بنیادی دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے اور یہ یونٹس محکمہ صحت کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک مرکز پر کام جاری ہے۔ فیز ٹو کے 62 یونٹس پر کام آخری مراحل میں ہے اور فیز تھری کے 66 مراکز صحت کے تخمینہ جات حکومت پنجاب کو ارسال کیے جا چکے ہیں۔ ڈی سی کمپلیکس سرگودہا سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ گراؤنڈ فلور کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ سیکنڈ فلور پر کام جاری ہے، جسے آئندہ 45 روز میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے زیر نگرانی فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے جاری کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اقبال کالونی، بلاک نمبر 28، رحمت پارک اور چیمہ کالونی میں قائم فلٹریشن پلانٹس کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے آگاہ کیا کہ سرگودہا شہر کے تمام 32 فلٹریشن پلانٹس پر بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور 30 جون تک یہ مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔مزید بتایا گیا کہ ڈویڑن کی سطح پر مجموعی طور پر 88 پلانٹس کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ ان تمام پلانٹس کی لیب ٹیسٹنگ جاری ہے اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آپریٹرز کی تعیناتی بھی کی جا رہی ہے۔کمشنر نے پی ایچ اے کی جانب سے حال ہی میں تعمیر کردہ اقبال کالونی پارک کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی، تزئین و آرائش اور عوامی سہولتوں کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایک شہری نے بلاک نمبر 34 میں سیوریج کے سنگین مسائل سے آگاہ کیا، جس پر کمشنر نے ایم او آئی کو فوری طور پر موقع پر جا کر کارروائی کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے بلاک نمبر 28 میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو دی جانے والی ادائیگیوں کے مرکز کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے خواتین سے کٹوتیوں اور دیگر شکایات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں اور متعلقہ حکام کو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے مرکزی سبزی منڈی سرگودہا کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیلامی کے عمل کا مشاہدہ کیا، آڑھتیوں، بیوپاریوں اور خریداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز سنے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ایس ای بلڈنگ امانت علی ، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین ، سی او ایم سی ماجد بن احمد ، پی ایچ اے، ایس ڈبلیو ایم سی اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں