فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امجد علی باجوہ نے تھانہ مدینہ ٹائون کے مقدمہ زیادتی وقتل کیس میں ملوث مجرم کو سزائے موت’ عمر قید اور 10لاکھ جرمانہ معاوضہ کی سزا کا حکم سنا دیا، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید قید سخت بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق محلہ صداقت پارک ساندہ لاہور کے رہائشی ارشد علی کی بیٹی عشاء ارشد لاہور سے اپنے دوست شاہد محمود سکنہ گلفشاں کالونی کو ملنے کیلئے 12جولائی 2021ء کو آئی تو ملزم نے مدینہ ٹائون کے علاقہ ہاکی سٹیڈیم کے ویب سلک ہوٹل میں اسکی بیٹی کو ٹھہرایا، شاہد محمود اور عشاء دونوں رات بھر کمرے میں موجود رہے۔ شاہد کا ساتھی باہر موجود رہا۔ علی الصبح شاہد محمود ورک نے ہوٹل سے جاتے ہوئے منیجر کو کہا کہ وہ صبح آٹھ بجے لڑکی کو ناشتہ بھجوا دے۔ ہوٹل ملازم جب ناشتہ دینے کمرہ میں پہنچا تو لڑکی مردہ حالت میں پڑی تھی۔ جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لڑکی کی نعش کو تحویل میں لے لیا اور ملزم شاہد محمود کو گرفتار کر کے ٹھوس شواہد کے تحت چالان عدالت بھجوایا تو فاضل جج نے سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر مجرم شاہد محمود کو قتل کے مجرم میں سزائے موت اور 5لاکھ روپے معاوضہ کی سزا سنائی۔ مقتولہ کے ساتھ زیادتی کے جرم میں عمر قید اور 5لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی۔ لاش کو بے حرمتی کے جرم میں 7سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔




