ضلعی انتظامیہ سرگودھا ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہے ،اے ڈی سی آر فہد محمود

سرگودہا (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود کی زیر صدارت پری فلڈ اور مون سون سیزن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی سطح پر تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی، بلدیات، ریسکیو 1122، صحت، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ اے ڈی سی آر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ ہے اور تمام اداروں کو ہدایت جاری کی جا چکی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نالوں، سیوریج لائنوں اور نکاسی آب کے دیگر ذرائع کی بروقت ڈی سلٹنگ (صفائی) کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی جمع نہ ہو۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کو تاکید کی کہ تمام خطرناک اور بوسیدہ عمارات کا فوری سروے مکمل کریں اور جہاں ضروری ہو وہاں مکینوں کو بروقت متنبہ کیا جائے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔محکمہ صحت کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ مون سون اور ممکنہ سیلابی حالات کے پیش نظر ادویات، اینٹی سنیک ویکسین، پانی صاف کرنے والی گولیاں، اور طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ فہد محمود نے محکمہ صحت کو مزید ہدایت کی کہ تمام مراکز صحت میں ضروری سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، اور موبائل میڈیکل ٹیمیں تیار رکھی جائیں۔ ریسکیو 1122 نے اجلاس میں بتایا کہ ایمرجنسی کٹس، کشتیوں، لائف جیکٹس اور فیلڈ عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں مشقیں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ادارے قومی جذبے اور باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائنز کو موثر بنایا جائے، اور آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے باخبر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور فوری رسپانس ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں