محرم کے دوران جلوسوں،مجالس کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے نگرانی کی جائے،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی و نگرانی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر بھر میں مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے جدید کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ سی پی او بلال عمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)کیپٹن (ر)طیب سمیع اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے چوبیس گھنٹے مسلسل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ سیکیورٹی اور شہری سہولیات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں