شوہر کو قتل کروانے والی خاتون کا قاتل عاشق ائیرپورٹ سے گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ ٹائون پولیس نے ناجائز تعلقات کی بنا پر شوہر کو قتل کروانے والی خاتون کے قاتل عاشق کو کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 10روز قبل تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ ایکس بلاک کے رہائشی محمد نواز ولد محمد رفیق کی شادی حمیرا کے ساتھ ہوئی اور حمیرا بی بی نے مبینہ طور پر محمد شعیب ولد عبدالستار سکنہ ماڈل ٹائون ملتان کیساتھ ناجائز تعلقات تھے، ملزم حمیرا سے گھر آ کر ملاقاتیں کرتا تھا جسکی وجہ سے میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا، 20جون 2025ء کو حمیرا بی بی نے اپنے آشنا شعیب کیساتھ ملکر شوہر نواز کے گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور ملزم فرار ہو گیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون مظفر کھوکھر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شوہر کی قاتلہ بیوی کے آشنا کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ پکڑے جانے والے قاتل شعیب سے مزید پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون مظفر کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے میرٹ پر تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں