فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ماہ جون کے دوران مختلف حادثات میں 632افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ جون کے دوران کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 14149 ایمرجنسی کی کالز موصول ہوئیں’ جن میں ٹریفک حادثات کی 2754′ آگ لگنے کے 265′ عمارتیں گرنے کے 15′ قتل’ اقدام قتل’ خودکشی’ لڑائی جھگڑے سمیت دیگر کرائم کی 382′ ڈوبنے کے 15′ متفرق 1214 اور میڈیکل کی 9564کالز موصول ہوئیں جس پر ریسکیو1122 کی ٹیموں نے فوری رسپانس کرتے ہوئے 14432افراد کو ریسکیو کیا اور طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تاہم اسی دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 632افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ٹریفک حادثات میں 26افراد لقمہ اجل بنے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے مون سون بارشوں کے حوالے سے کہا کہ بارشوں کے ایام میں شہری حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، طوفان بادوباراں کے دوران باہر جانے سے گریز کریں۔ گھروں کی چھتوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں۔ بجلی کے آلات اور سوئچز کو گیلے ہاتھ مت لگائیں۔ بجلی کی تاروں’ الیکٹرک پول اور ہورڈنگ بورڈ سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی کی صورت میں کھلے آسمان اور درختوں کے نیچے کھڑا ہونا جان لیوا ہو سکتا ہے۔




