فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملت ٹائون کے علاقہ بوہڑ چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں گولی لگنے سے ریکارڈیافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے 2 ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ڈرائی پورٹ کے قریب عدنان نامی نوجوان سے مسلح ڈاکوئوں نے موٹرسائیکل’ نقدی’ فون چھین کر فرار ہوئے ہیں، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون مظہر عرفان نے ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو انچارج چوکی منیانوالہ نے وائرلیس پر اطلاع دی کہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو بوہڑ چوک کے قریب رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی کے تعاقب کرنے اور جوابی فائرنگ کرنے پر ڈاکو چھینی جانے والی موٹرسائیکل چھوڑ کر کھیتوں میں چھپ گئے، کچھ دیر بعد فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے دیکھا ایک ڈاکو ٹانگ میں گولی لگنے سے بری طرح زخمی حالت میں پڑا ہے، جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو چکے تھے۔ زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت وقاص ولد شفیع سکنہ شیخوپورہ کے نام سے ہوئی جوکہ 14مقدمات میں ریکارڈیافتہ پولیس کو مطلوب تھا اور گجرات کے تھانہ ککرالی میں عدالتی مفرور بھی پایا گیا، پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔




