محکمہ زرعات توسیع کے زیر اہتمام،گندم کے کاشتکاروں کیلئے انعامات کی بارش

چنیوٹ(نامہ نگار)کسانوں کی فلاح کے لئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخ ساز منصوبہ زیادہ گندم اگا پروگرام کے تحت محکمہ زراعت توسیع کے زیراہتمام گندم کے کاشتکاروں کے لئے انعامات کی بارش ۔ کسانو ں میں مفت گرین ٹریکٹر تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں کسان کارڈ کے حامل ضلع کے 17خوش نصیب کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں نجی مارکی میں تقریب کے دوران تقسیم کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل،رکن صوبائی اسمبلی/ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت سید ذوالفقار علی شاہ،رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کسانوں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز احمدکے علاوہ کسانوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔ارکان اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے خصوصی اقدامات کررہی ہیں اورکسانوں کو میرٹ پر گرین ٹریکٹر کی تقسیم سے زراعت کے شعبہ میں جدت لاکر فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر،سولر ٹیوب ویل سکیم سمیت متعدد فلاحی منصوبے کسان دوست پالیسی کا مظہر ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ میں 486 کسانوں نے گرین ٹریکٹر کے حصول کے لئے آن لائن اپلائی کیااور17 کسان شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار پائے۔انہوں نے بتایا کہ ساڑھے 12۔ ایکٹر رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کسان گرین ٹریکٹر کے حقدار ٹھہرے اورایک ٹریکٹر کی قیمت تقریبا 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔کسانوں نے مفت گرین ٹریکٹرز کی فراہمی پر وزیراعلی مریم نواز شریف کا شکریہ اداکیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں