FDAکو مزید مضبوط اور خود انحصار بنایا جا رہا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کو انتظامی لحاظ سے مزید مضبوط اور خود انحصار بنایا جا رہا ہے اس سلسلے میں دفتری کام کے دبائو اور درکار سٹاف کی صورت حال کاجائزہ لے کر ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائیگی تاکہ شعبہ جاتی استعداد کار میں اضافہ ہو سکے۔ اس حوالے سے دستیاب سٹاف اور ان کی ذمہ داریوں پر مشاورت کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ڈائریکٹرز کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کی۔ چیف انجینئر مہرایوب مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر حمیرا اشرف، شبیر ساجد گجر، افضال انصاری، عبد اللہ نور دیگر افسران کانفرنس میں موجود تھے۔ کانفرنس کے دوران ایف ڈی اے کی سروسز کے حوالے سے شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعینات افسران وسٹاف کی تعداد اور انکی استعداد پر غوروخوض کرتے ہوئے مشاورت کی گئی کہ ایف ڈ ی ا ے کے مالی امور میں استحکام لانے ریشنلائزیشن پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غیرترقیاتی اخراجات میں اس تک کمی لائی جاسکے کہ دفتری کارکردگی اور سروس ڈیلیوری متاثر نہ ہو۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ مختلف پے سکیلز کی کم اہم خالی آسامیاں ختم کرنے کی سفارش کی جائیگی جبکہ شدید ضرورت اور شعبہ جاتی طلب کی ضروری آسامیوں میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد انتظامی ڈھانچے کومضبوط بنا کر بہترین سروسز فراہم اور قانون کی عملدرآری کو یقینی بنانا ہے اس سلسلے میں شعبہ انفورسمنٹ تیار کر کے اسے متحرک کریں گے تاکہ بلڈنگز بائی لاز، پنجاب سیٹیز ڈویلپمنٹ ایکٹ، لینڈ سب ڈویژن رولز و دیگرمتعلقہ قوانین کی پاسداری کے اقدامات کو منظم خطوط پر استوار کیاجا سکے۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز سے کہا کہ وہ سٹاف کی صلاحیتوں و استعداد کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائیں اور کوئی شعبہ غیر موثر یا بلاصلاحیت نہیں ہونا چاہیئے۔ کانفرنس کے دوران افسران نے دفتری امور کی احسن انداز میں انجام دہی کیلئے درکار سٹاف اور انتظامی ضروریات کے بارے میں تجاویز پیش کیں اور کہا کہ اصلاحی اقدامات کے بہترین نتائج حاصل کرنے کی حکمت عملی کو کامیاب بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں