انتظامی افسران مون سون سے نمٹنے کیلئے تیاری رکھیں

سرگودہا ( بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے عشرہ محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان اور بہترین انتظامی اقدامات پر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اس سال محرم الحرام کا انعقاد انتہائی پرامن اور منظم انداز میں ہوا، جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ تمام انتظامی افسران مون سون، ممکنہ سیلاب یا دیگر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری جاری رکھیں اور عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔ یہ بات انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے ڈائریکٹر یاسر بشیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے “صاف پانی منصوبہ فیز ٹو” سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرحلے میں سرگودہا ڈویڑن کے تین اضلاع، خوشاب، میانوالی اور بھکر کو شامل کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت 1 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت سے میانوالی اور بھکر میں 105 واٹر فلٹریشن پلانٹس جبکہ خوشاب میں 81 ریورس آسموسس (RO) پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔ کمشنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سائٹ کا سروے مکمل کر کے دو روز میں رپورٹ ان کے دفتر جمع کروائیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کے کاشتکاروں کو پے آرڈرز کی ادائیگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات سے شروع ہونے والی اس ادائیگی کے تحت ڈویژن بھر کے 1515 بارہ ایکڑ تک کے گندم کاشتکاروں کو زراعت کے تحصیل دفاتر کے ذریعے رقوم ادا کی جائیں گی، جن میں سرگودہا کے 5404، خوشاب کے 3309، میانوالی کے 1877 اور بھکر کے 3915 کاشتکار شامل ہیں۔کمشنر نے واضح کیا کہ کسان ہمارا باوقار طبقہ ہے، لہٰذا ادائیگی کے دوران ان کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا جائے۔اس موقع پر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے “شہروں کی خوبصورتی” سے متعلق خصوصی اقدام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ کمشنر نے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ وہ کے پی آئیز، ریونیو ریکوری، نئے مالی سال کے اہداف اور پلس پراجیکٹ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں تاکہ حکومتی ترجیحات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورایہ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین سمیت دیگر انتظامی افسران شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں