مسلسل میک اپ کرنے سے دمہ کا مرض ہونے کا خطرہ

نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایک حالیہ طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ میک اپ کی مصنوعات جیسے لپ اسٹک، بلش اور فیک نیلز کا مستقل استعمال خواتین میں جوانی کے بعد دمہ (asthma) لاحق ہونے کے خطرات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔امریکا کے نیشنل ہارٹ، لنگ اینڈ بلڈ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین کی 12 سالہ تحقیق میں تقریبا 40 ہزار خواتین کا جائزہ لیا گیا، اس دوران معلوم ہوا کہ جو خواتین مسلسل بیوٹی مصنوعات استعمال کرتی تھیں، ان میں بالغ عمر میں دمہ لاحق ہونے کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔صرف بلش اور لپ اسٹک ہفتے میں 5 یا اس سے زائد مرتبہ استعمال کرنے والی خواتین میں دمہ کا خطرہ 18 فیصد بڑھا جبکہ فیک نیلز، لپ اسٹک اور بلش استعمال کرنے والی خواتین میں یہ خطرہ 47 فیصد تک بڑھ گیا۔ماہرین کے مطابق ان بیوٹی مصنوعات میں موجود بعض کیمیکل انسانی جسم میں ہارمونل نظام میں مداخلت کر سکتے ہیں اور مدافعتی نظام کو بھی کمزور کر سکتے ہیں، ان کیمیکلز کو Endocrine Disrupting Chemicals (EDCs) کہا جاتا ہے۔تحقیق میں شامل 1774 خواتین یعنی کل شرکا کا تقریبا 4 فیصد تحقیق کے اختتام تک بالغ عمر میں دمہ کا شکار ہو چکی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تحقیق براہِ راست سبب و اثر کو ثابت نہیں کرتی لیکن واضح تعلق کی نشاندہی ضرور کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں