تیندوے کا دوسرا حملہ،میٹرک کے طالب علم کو لہولہان کردیا

جہلم (نامہ نگار) مظفر آباد کی جہلم ویلی میں چوبیس گھنٹے کے دوران تیندوے نے دوسرا حملہ کرکے دسویں جماعت کے طالبعلم کو لہو لہان کردیا۔آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد کی وادی جہلم میں جنگلی تیندوے کے حملوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں میں تیندوے کا یہ دوسرا حملہ ہے، جس میں دسویں جماعت کا طالبعلم مدثر علی شدید زخمی ہو گیا۔واقعہ جہلم والے کے علاقے ڈبراں گائوں میں پیش آیا، جہاں تیندوے نے دسویں جماعت کے طالب علم مدثر علی پر حملہ کیا۔ اہلِ علاقہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تیندوے کو بھگا کر طالبعلم کی جان بچائی۔ زخمی طالبعلم کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل اسی گائوں میں تیندوا 9سالہ بچی جویریہ اعوان کو اٹھا کر لے گیا تھا، جو بعد میں جانبر نہ ہو سکی۔ جویریہ کی تدفین آج صبح کی گئی، جس کے بعد گاوں کی فضا مکمل طور پر سوگوار رہی اور نماز جنازہ میں شریک ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ تیندوے کے بڑھتے حملوں کے آگے بے بس دکھائی دے رہے ہیں، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تیندوے کو قابو میں لایا جائے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں