ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ نے باضابطہ طور پر فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے طور پر ذمہ داری سنبھال لی۔ سنٹرل اسٹیشن پہنچنے پر ضلع بھر کے آفیسرز اور ریسکیو عملے نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز) طارق محمود، کنٹرول روم انچارج غلام شبیر، اسٹیشن انچارج فہد امین اور دیگر عملے نے ڈی ای او کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ ریسکیو کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ نے تمام ریسکیو اراکین سے انفرادی طور پر مصافحہ کیا اور گرمجوشی سے استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ریسکیو ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور بروقت ایمرجنسی خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جس طرح ماضی میں فیصل آباد نے بہترین خدمات کی مثالیں قائم کی ہیں، بالکل اسی طرح ہم اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کو مزید بہتر بنائیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں ریسکیو 1122فیصل آباد اپنے پیشہ ورانہ معیارات اور فوری ردعمل کی روایت کو برقرار رکھے گا تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں