گوگل کا بڑا تعلیمی اقدام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ کی جامعات میں تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور مصنوعی ذہانت (AI)سے متعلق تحقیق کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ گوگل اور اس کی مرکزی کمپنی الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس اقدام میں AI for Education Accelerator کے ذریعے ہر امریکی کالج طالبعلم کے لیے مصنوعی ذہانت اور کیریئر ٹریننگ مفت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 100سے زائد کالجز اور جامعات اس پروگرام کا حصہ بن چکی ہیں، یہ فنڈنگ آئندہ تین برسوں میں فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد ملک بھر کی جامعات میں طلبہ کے لیے AIسے متعلق شعور، تحقیقاتی وظائف، اور کلاڈ کمپیوٹنگ کے وسائل کو فروغ دینا ہے۔ سندر پچائی کے مطابق ہم ”گوگل اے آئی فار ایجوکیشن ایکسیلیریٹر” کے تحت ہر امریکی کالج طالبعلم کو مفت AIٹریننگ اور گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس فراہم کریں گے۔ یونیورسٹی آف مشی گن، اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ورجینیا سمیت ٹیکساس، نارتھ کیرولائنا اور پنسلوانیا کی متعدد سرکاری یونیورسٹیاں پہلے ہی اس پروگرام کا حصہ بن چکی ہیں۔ اس ایک ارب ڈالر کی مجموعی رقم میں گوگل کے جدید AIٹولز، جیسے جیمینی چیٹ بوٹ، کی قیمت بھی شامل ہے، جو طلبہ کو بغیر کسی اضافی لاگت کے فراہم کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں