حضرت داتا علی ہجویری کے عرس کی تقریبات کا آغاز

لاہور(بیوروچیف) عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری کے 982ویں عرس کی 3روزہ تقریبات کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات انتظامات کئے گئے ہیں۔لاہور جن کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا صاحب ہے، حضرت علی ہجویری تقریبا 1 ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھاٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا، اپنے اخلاق اور حسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدہ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔حضرت داتا علی ہجویری کے 982 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، عرس کی تقریبات 13 تا 15 اگست تک جاری رہیں گی، عرس کے دوران قرات، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کیلئے لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی جا رہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیا کی دکانیں بھی سج گئی ہیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دربار کے اطراف کا دورہ کیا اور زائرین کے داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات دیں۔خیال رہے کہ داتا دربار جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیئے گئے ہیں، ٹان ہال کی جانب سے جانے والا راستہ بھی کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا، بلال گنج، کربلا گامے شاہ کے اطراف کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کے گزرنے کا راستہ موجود ہے۔ادھر پنجاب حکومت نے عرس کے موقع پر لاہور میں 15 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، پی ایچ اے، والڈ سٹی، روڈا، ایل ڈبلیو ایم سی زونز میں چھٹی ہوگی جبکہ سول سیکرٹریٹ اور ماتحت ادارے کھلے رہیں گے، جمعہ کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں