نہم کے نتائج کا اعلان،49فیصد طلبہ فیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک کلاس نہم (اول) سالانہ2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد مریم خان کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن چیئرپرسن بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pkپر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان میٹرک کلاس نہم (اول) سالانہ 2025 میں کل 205182طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 105769پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 51.55فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلبا وطالبات کیلئے الگ الگ 559امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ طلبا وطالبات کوپیپر دینے کیلئے دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں یا گھروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آبادمریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم وزیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالی کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز 041-2517710یا 041-9330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں