2 بھائیوں کو قتل کرنیوالے 2 ملزمان مبینہ مقابلے میں ہلاک

لاہور (بیوروچیف) لاہور کے علاقے رائیونڈ میں 30روپے کی خاطر 2بھائیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والے 2ملزمان مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہوگئے۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ذرائع کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ کی ٹیم گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چھاپے کے لیے انہیں رائے ونڈ لے کر گئی تھی کہ اس دوران زیر حراست ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کی کوشش کی۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ملزمان کے ساتھی توقیر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر حملہ کیا، ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم اویس اور شہزاد ہلاک ہوگئے، جبکہ ملزم توقیر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگیا، جن کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے چند روز قبل 30روپے کے تنازع پر 2سگے بھائیوں کو تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔واضح رہے کہ لاہور میں پھل خریدنے کے دوران صرف 30روپے کے تنازع پر تشدد سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوکر کومے میں چلا گیا تھا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔اگلے روز رائے ونڈ میں معمولی جھگڑے پر پھل فروشوں کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والا دوسرا بھائی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ایک سڑک پر پھل فروشوں نے دونوں بھائیوں کو مبینہ طور پر 30روپے کے جھگڑے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واجد اور رشید خون میں لت پت پڑے ہیں جبکہ ملزمان ڈنڈوں سے سرِعام ان پر حملہ کر رہے ہیں، اور اردگرد موجود لوگ تماشائی بنے کھڑے ہیں۔گزشتہ روز لاہور پولیس کی اسپیشل ٹیم نے ایس ایچ او رائیونڈ محمد ذکا کی سربراہی میں ملزم شہزاد کو گرفتار کیا، پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی سمیت دستیاب وسائل بروئے کار لاکر ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں