سدھار میں نوسرباز شہر ی سے2لاکھ چھین کر فرار

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے سدھار میں نوسر باز شہری سے 2 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ذوالفقار ولد غلام محمد سکنہ 71سرلی قوم جٹ نجی بینک سے 2 لاکھ روپے لے کر باہر نکلا تو اچانک ایک نوسر باز نے اسے روک کر کہا کہ “آپ کے 2 لاکھ روپے گر گئے ہیں اور ایک شخص انہیں لے گیا ہے”۔ شہری کے انکار پر مزید تین ساتھی بھی موقع پر آ گئے۔ ذوالفقار نے مشکل سے اپنی جان چھڑائی اور آگے بڑھ گیا، لیکن کچھ ہی فاصلے پر دوبارہ نوسر بازوں نے اسے روک لیا۔اسی دوران ایک ہنڈا سٹی کار پر سوار ان کا ساتھی بھی پہنچ گیا اور اس نے شہری کو تلاشی دینے پر مجبور کیا۔ تلاشی کے بہانے نوسر باز شہری کے 2 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگئے۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ پولیس کی نااہلی اور بے حسی کے باعث وہ خود دکانداروں سے منت سماجت کر کے سی سی ٹی وی کیمرے چیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ یہ پولیس کا کام ہے کہ وہ تفتیش کرے اور سراغ لگائے۔ مگر پولیس نے حسبِ روایت صرف درخواست درج کر کے شہری کو یہ کہہ دیا کہ “اب آپ جائیں، کام ختم”۔ذوالفقار نے سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نوسر بازوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور اس کی رقم واپس دلائی جائے تاکہ شہریوں کا اعتماد پولیس پر بحال ہوسکے۔یاد رہے کہ اس نجی بنک کے باہر اس سے پہلے بھی درجن سے زائد وارداتیں ہو چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں