ڈجکوٹ(نامہ نگار ) چار دن قبل اغوا ہونے ہونے والی 17سالہ طیبہ نیم مردہ حالت میں بازیاب، مبینہ گینگ ریپ کے بعد نامعلوم ملزمان منہ اور ہاتھ پائوں باندھ کر گائوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے اطلاع پر متاثرہ بچی کو نازک حالت میں رورل ہیلتھ سنٹر ڈجکوٹ منتقل کر دیا۔ بیان کیا جاتا ہے کہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ چک نمبر 264ر،ب برکت والی ناگ کے رہائشی غریب محنت کش عبدالستار کی 17سالہ حافظ قرآن بچی جو غربت کے باعث گائوں میں ہی اصغر ملتانی کے گھر کام کاج کرتی ہے وقوعہ کے روز بچی اصغر ملتانی کے گھر گئی اور واپس نہ آئی پولیس کو تلاش بسیار کے بعد اطلاع دی گئی تاہم پولیس نے روایتی سستی دکھائی اور تین دن بچی کو تلاش کرنے کی کوشش نہ کی، چوتھے دن بچی کو نازک حالت میں نامعلوم ملزمان گائوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ بچی کی ماں غم سے نڈھال ہے، اہل گائوں سراپا احتجاج ہیں اور اپیل کر رہے ہیں کہ کیس سی سی ڈی کو منتقل کیا جائے اور فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ متاثرہ بچی نے اپنے بیان میں زیادتی کا اقرارکیا ہے۔




