سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی حکومت کی ترجیح ہے

سرگودہا (بیوروچیف) فلڈ ایمرجنسی صورتحا ل کے پیش نظر کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم پچھلے پانچ دن سے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور خود فیلڈ میں ریلیف و بحالی آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کوٹ ناجہ، مڈھ رانجھا اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ حکام نے فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ خاندانو ں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ متاثرین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈویڑن و ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس، لائیو اسٹاک، صحت اور آبپاشی سمیت تمام ادارے دن رات متاثرہ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ یہ ایک اجتماعی کاوش ہے اور ہم کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے اپنا کیمپ آفس متاثرہ علاقے میں قائم کر رکھا ہے اور مسلسل پانچ دن سے موقع پر رہ کر ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شر یف کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ عوام کو کھانے پینے کا سامان، ادویات، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ موبائل میڈیکل یونٹس اور لائیو اسٹاک کیمپس مکمل فعال ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں