سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے رات کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور جاری ریلیف و بحالی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے آر ایچ سی مڈھ رانجھا کا دورہ کیا جو سڑک کے ریلے میں بہہ جانے کے باعث غیر فعال ہو گئی تھی ہائی ویز حکام کی جانب سے دن رات محنت کر کے صرف ایک دن میں بحال کیا گیا۔کمشنر نے سڑک کھلنے کے چند گھنٹوں کے اندر آر ایچ سی مڈھ رانجھا کو دوبارہ فعال کرنے پر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کو شاباش دی اور کہا کہ متاثرہ عوام کو طبی سہولتوں کی فوری فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ بعد ازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے ریلیف کیمپ مڈھ رانجھا کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں، خوراک، طبی امداد اور رہائش کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے چک سلیمان کا بھی دورہ کیا جہاں متاثرین نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ متاثرین نے کہا کہ افسران ان کی پریشانیوں کو اپنی سمجھ کر حل کر رہے ہیں، جو کہ حوصلہ افزا عمل ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے متاثرہ عوام کو حوصلہ دیا اور یقین دلایا کہ ریلیف کی فراہمی کے تمام اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم سب مل کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے اور ان شاء اللہ آپ جلد اپنے گھروں میں واپس جا کر معمول کی زندگی گزاریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے امتحان میں عوام اور انتظامیہ کے درمیان بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ ہورہا ہے اور سب مل کر اس مشکل صورتحال سے کامیابی سے نکلیں گے۔




