فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ 208گ ب ریلوے اسٹیشن کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر مسافر بس’ 3کاروں’ کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل سوار حساس ادارے کے آفیسر کو لوٹ لیا۔ تفصیل کے مطابق ڈاکوئوں کے مسلح گروہ نے 208گ ب ریلوے اسٹیشن کے قریب ناکہ لگا کر مسافر بس کو روک کر گن پوائنٹ پر مسافروں سے زیورات’ نقدی’ موبائل فونز چھین لیے جبکہ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے تین کاروں اور کیری ڈبہ کو روک کر ان سے بھی نقدی’ زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا تو حساس ادارے کا آفیسر ایک پولیس آفیسر کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد موٹرسائیکل پر واپس گھر جا رہا تھا کہ جب وہ ڈاکو ناکہ کے قریب پہنچا تو مسلح ڈاکوئوں نے روک کر گن پوائنٹ پر جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم ڈاکوئوں کا گروہ لوٹ مار کے بعد موقع سے فرار ہو گیا اور ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔




