فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما’ سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی کی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات’ دونوں رہنمائوں کی جانب سے ملکی سیاسی ومعاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیلابی صورتحال اور ملک کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ چوہدری عابد شیر علی نے اس ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وزیر دفاع خواجہ محمد آصف میرے سیاسی استاد ہیں یہ ملاقات نہ صرف سیاسی رشتہ بلکہ احترام اور عقیدت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد آصف کی سیاست میں قربانیاں’ استقامت اور خدمت عوام کیلئے ہمیشہ ایک روشن مثال رہیں گی، مسلم لیگ (ن) کے یہ رشتے ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے ہمیشہ پارٹی کا ساتھ دیا اور ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ سینہ تان کر کھڑے رہے۔



