سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ (اداریہ)

مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملیریا اور پیٹ کے امراض پھیلنے کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ قومی ادارہ صحت نے آنکھوں کی بیماری اور بچوں میں خسرہ پھیلنے کا الرٹ جاری کر دیا، وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے وفاقی دارالحکومت میں گفتگو کرتے ہوئے کہ سیلاب زدہ علاقوں کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے وزارت صحت تمام صوبائی حکومتوں’ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سے بھی رابطے میں ہے، وزیر صحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ادویات اور ڈاکٹرز بھیجے گئے ہیں وفاق چاروں صوبوں میں متاثرین سیلاب کی صحت کیلئے اقدامات کیلئے تیار ہے،، پاکستان موسمی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے اور اس وقت پاکستان قدرت آفت میں گھِرا ہے شدید بارشوں اور سیلاب کلائوڈ برسٹنگ سے جو صورتحال پیش آئی وہ ماضی کی نسبت بہت شدید ہے خیبرپختونخوا’ پنجاب’ آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے اوپر سے ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کے دریائوں میں لاکھوں کیوسک پانی چھوڑ رہا ہے جس سے دریائے چناب’ راوی’ ستلج’ سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے درجنوں دیہات متاثر ہوئے فصلیں تباہ ہو گئیں اجناس کی فصل بھی متاثر ہوئی قیمتی مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہزاروں افراد بے گھر ہوئے وفاق اور صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کو ریسکیو کر کے ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے متاثرین سیلاب کو پانی اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے مویشیوں کو چارہ پہنچایا جا رہا ہے پاک فوج’ پولیس اور ریسکیو ادارے متاثرین کی مدد میں مصروف عمل ہیں وفاق اور صوبائی حکومتوں کے زیرانتظام تمام محکمے متاثرین کی بحالی اور ان کی دیکھ بھال کے لیے متحرک ہیں قومی ادارہ صحت کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے جس کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کوالرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کی بحالی کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی حصوں میں دریائوں سے ملحقہ علاقوں میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری تیاری یقینی بنائی جائے سیلاب متاثرین کی بحالی تک وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی،، وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کا اعلان خوش آئند ہے اس سے صوبائی حکومتوں کو بہت حوصلہ ملے گا اور حکومتیں وفاق کے تعاون سے متاثرین سیلاب کے مسائل کو آسانی کے ساتھ حل کرنے میں کامیابی حاصل کر سکیں گی وفاقی وزارت صحت کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سے پہلے کہ وبائی امراض شدید اختیار کر جائیں ان پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں اس حوالے سے مخیرحضرات اور فلاحی تنظیموں کوبھی حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہیے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کو ضروری اشیاء کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے۔ فلاحی تنظیموں کی معاونت سے حکومت پر سے بوجھ کم ہو گا ویسے بھی نیک کام کرنے کا صلہ دنیا اور آخرت میں ضرور ملتا ہے لہٰذا مخیرحضرات اور فلاحی تنظیمیں متاثرین سیلاب کی دل کھول کر مدد کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں