ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیر نگرانی دریائے راوی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئیضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ کمالیہ مل فتیانہ اور پیر محل مائی صفوراں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں ایک لاکھ 45ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ سیلاب سے تحصیل کمالیہ اور پیر محل کے 80 دیہا ت متاثر ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایک لاکھ 15ہزار 765افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 79ہزار 399مویشی بھی ریسکیو کیے گئے ہیں۔ریلیف کیمپوں میں 2515متاثرین مقیم ہیں جہاں کھانے پینے، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک 24998متاثرین کو کھانا مہیا کیا گیا جبکہ 7019افراد کو طبی امداد دی گئی۔ “کلینک آن ویلز” اور فیلڈ ہسپتال بھی فعال ہیں جن کے ذریعے 421 متاثرین کا علاج کیا گیا۔سیلاب سے 59ہزار 522ایکڑ رقبہ زیر آب آچکا ہے ۔ محکمہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے مطابق 31ہز ا ر 77مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا گیا جبکہ 336ٹن چارہ، 28.5ٹن توری، 38.8ٹن سائلج اور 461بیگ ونڈا تقسیم کیا گیا ہے۔ بچوں کی تعلیم کیلئیمتاثرہ علاقوں میں 1424 بچوں کیلئے فیلڈ اسکولز قائم کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر متاثرین کی جان و مال کے تحفظ اور ریلیف کی تمام سہولتیں یقینی بنائی جا رہی ہیں۔




