7 سیکنڈ میں فیک ویڈیو پکڑنے والا AIماڈل تیار

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک جدید ماڈل سراب متعارف کرایا ہے جو صرف 7سیکنڈ کی ویڈیو کا تجزیہ کرکے ڈیپ فیک مواد کی نشاندہی کرسکتا ہے۔مرکز کے مطابق سراب عرب خطے میں کسی حکومتی ادارے کی جانب سے تیار کیا جانے والا پہلا اوپن سورس ڈیپ فیک ڈیٹیکشن اے آئی ماڈل ہے، اسے 16 ستمبر 2026 کو دبئی ایکسپو سٹی کے دبئی ایگزیبیشن سینٹر میں گِسیک گلوبل 2026 (GISEC Global 2026) کے افتتاحی روز متعارف کرایا گیا۔دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر کے مطابق سراب کو مکمل طور پر اماراتی ماہرین کی ٹیم نے تیار کیا ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیزی سے بدلتے ہوئے سائبر سکیورٹی خطرات کا مقابلہ کرنا اور ڈیجیٹل دنیا میں قابلِ اعتماد مواد کی شناخت کو بہتر بنانا ہے، مرکز کی جانب سے کیے گئے تجربات میں سراب نے ڈیپ فیک مواد کی شناخت میں 91 فیصد تک درستگی دکھائی، ایسے ڈیٹا پر بھی جو ماڈل کی تربیت کے دوران استعمال نہیں کیا گیا تھا اس کی درستگی 89 فیصد رہی۔دبئی الیکٹرانک سکیورٹی سینٹر کا کہنا ہے کہ تقابلی جائزوں کے دوران سراب نے آزمائے گئے دیگر اوپن سورس ڈیپ فیک ڈیٹیکشن ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا،سراب کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ محض 7 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو میں بھی جعلی یا تبدیل شدہ مواد کی نشاندہی کرسکتا ہے جبکہ مرکز کے مطابق آزمائے گئے دیگر اوپن سورس ماڈلز کو مثر تجزیے کے لیے عموما 15 سیکنڈ یا اس سے زیادہ دورانیے کی ویڈیو درکار تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں