ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کو ان کی دہلیز پر ہی علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے مل فتیانہ اور تارا حویلی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد نے ریلیف کیمپوں میں موجود طبی عملے کی حاضری ، ادوایات کے ریکارڈ اور دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ملیریا، ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض سے بچائو کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر بچوں کی ویکسینیشن مہم کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی وبا کے پھیلاوکو روکا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ سیلاب متاثرین کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں یقینی بنائی جائیں۔ متاثرین کے لیے فری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں ۔




