شہری سیلاب کے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں’ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ دریائے راوی اور نشیبی علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے، جہاں تیز بہاو اور گہری کھائیاں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سیلاب کے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دریا عبور کرنے، نہانے یا تیرنے سے اجتناب کریں اور بچوں کو ہر صورت پانی سے دور رکھیں۔انہوں نے خاص طور پر ان افراد کو سختی سے متنبہ کیا جو سیلاب دیکھنے، تفریح یا ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے لیے دریا کے کنارے آتے ہیں، کہ یہ اقدام اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عوام کے تحفظ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں