سرگودہا (بیورو چیف)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر کی زیر صدارت ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیا ت، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرلز، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپور ٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں انسدادِ اسموگ سے متعلقہ اقدامات جاری تیاریوں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسموگ کے سدباب کے لیے صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، فصلوں کی باقیات جلانے، گاڑیوں کے دھوئیں اور تعمیراتی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھوسہ جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کسانوں کو آگاہی فراہم کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس غیر معیاری اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں شفافیت یقینی بنائے۔




