سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کی صحت کیلئے مفید قرار

کراچی ( بیو رو چیف )سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کی صحت کے لیے مفید،صرف چند منٹ کی جسمانی سرگرمی بھی آپ کے دل کی صحت (کارڈیو فٹنس) کو بہتر بنا سکتی ہے۔برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع اس تحقیق کے مطابق دن بھر میں چند منٹ کے لیے جسمانی طور پر متحرک رہنا دل، پھیپھڑوں اور دیگر اعضا کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ کارڈیو فٹنس سے مراد جسم کی آکسیجن جذب کرنے اور اسے دیگر اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت ہے، جو دل کی صحت اور مجموعی توانائی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں تقریبا ایک تہائی بالغ افراد اور 80 فیصد نوجوان وہ جسمانی سرگرمیاں نہیں کرتے جن کی تجویز عالمی ادار صحت دیتا ہے یعنی ہفتے میں کم از کم 150 منٹ کی ورزش۔تحقیق میں ایسے 414 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جو زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے تھے، انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ روزانہ 5 منٹ یا اس سے کم دورانیے کی معتدل جسمانی سرگرمی جسے ماہرین ایکسسرسائز اسنیکس (Exercise Snacks) کہتے ہیں کریں۔زیادہ تر نوجوانوں نے سیڑھیاں چڑھنے کو اپنی روزمرہ کی عادت بنایا، جبکہ معمر شرکا نے ٹانگوں کو مضبوط کرنے والی ہلکی ورزشیں کیں، یہ معمول 4 سے 12 ہفتوں تک جاری رہا۔نتائج میں دیکھا گیا کہ دن میں چند بار مختصر جسمانی سرگرمی کرنے والوں کی کارڈیو فٹنس میں نمایاں بہتری آئی، ان کے خون میں چکنائی کی سطح بہتر اور دل کی صحت مضبوط ہوئی۔محققین کے مطابق چھوٹی چھوٹی ورزشیں روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ناصرف ممکن ہے بلکہ مثر بھی، اگر آپ لفٹ کے بجائے چند منزلوں تک سیڑھیاں چڑھنے کو معمول بنا لیں تو یہ آپ کے دل کے لیے ایک قدرتی دوا کی طرح کام کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں