لڑائی کا بدلہ لینے کی خاطر پولیس کانسٹیبل کا ساتھیوں سمیت شہری کے گھر دھاوا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 195 رب میں لڑائی کا بدلہ لینے کی خاطر پولیس کانسٹیبل کا ساتھیوں سمیت شہری کے گھر پر دھاوا’ ہوائی فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلا دیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نوکانسٹیبلوں سمیت 13نامزد اور 6نامعلوم ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 195 رب جنڈوالہ کے رہائشی اشفاق احمد نے بتایا کہ چند روز قبل اس کے بیٹے اسرار کا ملزم احتشام سندھو اور کانسٹیبل سمیع اﷲ کیساتھ جھگڑا ہوا تھا تو موقع پر موجود تنویر انجم اور ازمان نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ تاہم ملزم کو اس بات کا شدید رنج تھا اور اس کا بدلہ لینے کیلئے ملزم احتشام نے اپنے دیگر ساتھیوں خرم’ سمیع اﷲ’ عادل’ بلال’ دانی رجوکہ’ قلب رجوکہ’ مکھن رجوکہ’ بابر رجوکہ’ شاہ میر چیمہ’ علی رضا چیمہ’ مبین سندھو’ مومن سندھو سمیت دیگر آتش اسلحہ سے لیس ملزمان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت شہری کے گھر دھاوا بول دیا اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور اس کے بیٹے اسرار’ تنویر انجم اور زمان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے اور ازمان کے گھر گھسنے کی کوشش کی’ توڑ پھوڑ بھی کی۔ متاثرہ شہری نے ریسکیو15 پر کال کی تو ملزمان ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم چک جھمرہ پولیس نے جوابی فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلانے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں