ملک کا سب سے بڑا مسئلہ لیڈر شپ کا فقدان ہے، جہانگیر ترین

لاہور(بیورو چیف)جہانگیر خان ترین نے ضلع خانیوال کے دو سرکاری سکولوں میں سائنس و جدید کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کردیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کچا کھوہ اور گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سکینڈری سکول خانیوال میں ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے قائم کی گئی سائنس و کمپیوٹر لیبز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران جہانگیر خان ترین نے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور ترقی کررہی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اگر ہم نے بھی اپنے تعلیمی ماڈل کو تبدیل نہ کیا تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہم بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔ اس سلسلے میں ہم نے لودھراں میں ٹائسرکا ادارہ بنایا ہے جہاں طلبا و طالبات انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ اس ملک کا بڑا مسئلہ لیڈر شپ کا فقدان ہے،پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پر صحیح کام کیا جائے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ لودھراں میں ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے تعلیمی منصوبے شروع کیے تو لودھراں کی تعلیمی رینکنگ پنجاب بھر میں نمبر 2اور 3پر آگئی جس پر بہت فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پسماندہ اضلاع کے بچوں بچیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ انشا اللہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے منصوبوں سے یہاں کے بچوں کو بھی اعلیٰ پرائیویٹ تعلیمی اداروںجیسی تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی اور یہ بچے بھی اپنے علاقے کا نام روشن کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمی سلیمان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی جانب سے ضلع خانیوال کے 6 سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز بنائی گئی ہیں جس پر ان کے بے حد مشکور ہیں۔ ہم جہانگیر ترین سے درخواست کرتے ہیں کہ ضلع خانیوال کے تمام سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹائسر کے ساتھ مل کر خانیوال کے سکولوں میں ای کامرس و دیگر کلاسز کا اجرا ء کریں گے اور طلبا و طالبات کے ساتھ اساتذہ کی ٹریننگ کے پروگرام بھی شروع کریں گے۔ اہلیان خانیوال جہانگیر ترین کے شکر گزار ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن اکبر خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین نے پچھلے 15 سالوں کے دوران اربوں روپے کی خطیر رقم تعلیمی منصوبوں پر خرچ کی ہے۔ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن نے خانیوال میں اب تک 6 سرکاری سکولوں میں سائنس و کمپیوٹر لیبز قائم کردی ہیں۔ جہانگیر خان ترین نے ضلع خانیوال کے لئے 10سے 11کروڑ روپے مختص کیے ہیں جن سے یہاں بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن خانیوال فیاض احمد سندھو نے بھی خطاب کیا۔ جہانگیر خان ترین اور ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمی سلیمان نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہاء سکول خانیوال میں میں پودے بھی لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں