افغان مہاجرین کی بے دخلی،DCآفس فیصل آباد کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سے افغان مہاجرین کی بے دخلی’ ڈپٹی کمشنر آفس کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی۔ تفصیل کے مطابق ملک بھر کی طرح فیصل آباد سے بھی افغان مہاجرین کی بے دخلی کا آپریشن جاری ہے، پنجاب حکومت کی فہرست کے مطابق 1600، سپیشل برانچ، پنجاب پولیس اور سی سی ڈی کی فہرست کے مطابق 550غیر قانونی افغان مہاجرین فیصل آباد میں موجود ہیں جن میں سے ضلعی انتظامیہ نے 49کو گرفتار کر کے پشاور بھیج دیا اور 7لاری اڈا میں قائم فیسلی ٹیشن سینٹر میں موجود ہیں، ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد نے حکومتی احکامات کے برعکس نااہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پکڑے گئے افغان مہاجرین کو طورخم بارڈر پر لیجانے کی بجائے افغان مہاجرین سے خود افغانستان جانے کا حلف نامہ لے کر انہیں پشاور منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جہاں سے وہ افغانستان جانے کی بجائے ادھر ادھر ہو جاتے ہیں اور پھر ملک کے مختلف شہروں میں چلے جاتے ہیں، گزشتہ روز بھی 49افغان مہاجرین کو طورخم بارڈر لیجانے کی بجائے انہیں حلف نامہ لیکر پشاور منتقل کر دیا گیا، اس سے قبل غیر قانونی افغان مہاجرین کو گرفتار کر کے طورخم بارڈر لے جایا جاتا تھا اور پھر وہاں سے انہیں بارڈ سے افغانستان بھیج دیا جاتا تھا مگر اب ڈپٹی کمشنرآفس فیصل آباد کی جانب سے نااہلی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو پشاور بھیج کر جان چھڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر آفس کے اس اقدام سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ افغان مہاجرین کی بے دخلی کے حوالے سے کیا پنجاب حکومت نے پالیسی تبدیل کر لی ہے یا ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد نے اپنی من مانیاں شروع کر دی ہیں ؟ایک طرف وفاقی حکومت نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین کو فوری طور پر واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد اس حساس معاملے پر اپنی نااہلی اور ڈنگ ٹپائو پالیسی سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتا ہے نظر آ رہا ہے جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں