حماس نے مزید 2مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس نے مزید 2 اسرائیلی یرغمالی کی لاشیں صہیونی انتظامیہ کے حوالے کردیں، حماس نے کہا ہے کہ رفح کراسنگ کی بندش لاشوں کی تلاش اور حوالگی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ حماس نے مزید 2 مغویوں کی لاشیں حوالے کر دی ہیں، جب کہ غزہ کے ملبے تلے دبے اجساد کی تلاش میں تاخیر نے نازک جنگ بندی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اے ایف پی نے رپورٹ کیا۔وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی کہ ریڈ کراس نے یہ لاشیں وصول کر کے ان کی شناخت کے لیے اسرائیلی افواج کے حوالے کر دی ہیں۔اے ایف پی کے مطابق حماس نے کہا ہے کہ مصر اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ کی بندش مغویوں کی لاشوں کی حوالگی میں سنگین تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ کراسنگ کی مسلسل بندش ان خصوصی آلات کی آمد کو روک رہی ہے جو ملبے تلے دبے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے درکار ہیں، اور ان فرانزک ٹیموں اور آلات کو بھی روک رہی ہے جو لاشوں کی شناخت کے لیے ضروری ہیں، جس کے باعث لاشوں کی بازیابی اور حوالگی میں نمایاں تاخیر ہو رہی ہے۔رائٹرز کے مطابق امریکا کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے ضامن ممالک کو قابلِ اعتماد اطلاعات سے آگاہ کیا ہے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ حماس اس معاہدے کی خلاف ورزی کرے گی۔محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر حماس نے یہ حملہ کیا تو غزہ کے عوام کے تحفظ اور جنگ بندی کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں